ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / حکومت کا کسانوں کو واضح اشارہ، مطالبات تسلیم نہیں،تحریک ناکام بنانے کیلئے مودی حکومت کی حکمت عملی تیار

حکومت کا کسانوں کو واضح اشارہ، مطالبات تسلیم نہیں،تحریک ناکام بنانے کیلئے مودی حکومت کی حکمت عملی تیار

Sat, 19 Dec 2020 10:39:45    S.O. News Service

نئی دہلی،19؍دسمبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) 24روز سے جاری کسانوں کی جدوجہد کو نظر انداز کرتے ہوئے مودی کی قیادت والی بی جے پی حکومت نے واضح اشارہ دے دیاہے کہ وہ کسانوں کے زرعی قوانین واپسی کے مطالبات کو ماننے کیلئے تیار نہیں ہے اور اس نے کسانوں کی تحریک کو ناکام بنانے کیلئے اپنی علاحدہ مہم چلا دی ہے-

اس مہم کے تحت وزیر اعظم پہلے اپنے گجرات دورے کے دوران کسانوں کے ایک گروپ سے ملاقات کر چکے ہیں اور آج انہوں نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ مدھیہ پردیش کے لاکھوں کسانوں سے کسان مہاسمیلن کے ذریعہ بات چیت کی- کسان مہاسمیلن ریاست کے رائے سین ضلع ہیڈکوارٹر پر منعقدکیا گیا، جس میں وزیراعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان، ریاستی بی جے پی صدر وشنودت شرما، متعدد وزراء اور پارٹی عہدیدار موجود تھے - مہاسمیلن میں مودی کے خطاب کو بھی ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ پوری ریاست میں سنایا گیا-

مسٹر مودی نے تقریباً 50منٹ کی تقریر میں نئے قوانین کے التزامات کے بارے میں حقائق کے ساتھ تفصیل سے بتایا اور کہا کہ تینوں قوانین تقریباً چھ سات ماہ قبل نافذ ہوگئے ہیں اور یہ پوری طرح کسانوں اور زرعی شعبے میں بہتری کیلئے ہے -

مودی نے کہا کہ آج انہوں نے کسان مہاسمیلن کے ذریعہ ملک کے سامنے سچائی رکھی ہے اور وہ آئندہ 25 دسمبر کو ایک بار پھرسابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کی جینتی پر ملک کے کسانوں کے سامنے اپنی بات رکھیں گے -اسی دن کسان سمان ندھی کا فنڈز کسانوں کے کھاتوں میں منتقل کردیا جائے گا-

ادھر مرکزی وزیر اسمرتی ایرانی اتر پردیش میں میرٹھ کے کسانوں سے تبادلہ خیال کررہی ہیں - اسی حکمت عملی کے تحت گزشتہ روزوزیر زراعت نریندر تومر نے8 صفحات پر مشتمل خط جاری کیا ہے-

حکومت بات چیت کیلئے تیار:مودی

رائے سین ،19؍دسمبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) وزیر اعظم نریندر مودی نے قومی دارالحکومت دہلی کے گرد گزشتہ کچھ وقت سے جاری کسان تحریک کے بیچ آج ملک کے کسانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہ پھیلانے والوں سے محتاط رہیں اور اگر انہیں کسی قسم کا خدشہ ہے تو حکومت ان سے اس معاملے پر بات کرنے کیلئے ہمیشہ تیار ہے - اس کیلئے سیاسی جماعتیں سچ نہ بول کر وہم پھیلانے کی سیاست کررہی ہیں - وزیر اعظم نے کہا کہ اس کے باوجود وہ پھر سے کسانوں سے درخواست کر رہے ہیں کہ اگر انہیں کسی معاملے پر کوئی الجھن ہے تو حکومت ان سے بات کرنے کیلئے تیار ہے - انہوں نے کہا کہ کسانوں کی تشویش کو دورکرنا حکومت کی ترجیح ہے - کسانوں کے مفادات بھی حکومت کی اولین ترجیح ہیں -


Share: